لاہور، سگنل پر کھڑی کار پر ٹرالر چڑھ دوڑا، حادثے میں 3 افراد جاں بحق

ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا


ویب ڈیسک October 14, 2026

لاہور:

گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر 22 ویلر ٹرالر چڑھ دوڑا، خوفناک حادثے میں ایک مرد اور ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

حادثے کے نتیجے میں کار ٹرالر کے نیچے دب کر مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس میں سوار افراد پھنس گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لیے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد لی گئی، جبکہ گاڑی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کار کے مختلف حصے کاٹے گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کے دوران تینوں افراد کی لاشیں نکال لیں جنہیں مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

حادثے کا شکار کار کا رجسٹریشن نمبر DEX-436 بتایا گیا ہے، جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔