کراچی:
سائٹ بی پولیس کی بروقت کارروائی نے 3 کمسن بچیوں کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنا دی پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق شیرشاہ بلاک سی کی رہائشی 3 کمسن بچیوں کو 2 ملزمان بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے جانے کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب بچیوں نے شور مچایا تو علاقہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی جبکہ عوام کی جانب سے بھی فوری مداخلت کی گئی۔
اس دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم زاہد ولد مختیار کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق بازیاب کی گئی تینوں بچیوں کو بحفاظت والدین کے سپرد کر دیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 287 سال 2026 بجرم دفعات 361 ، 363 اور 511 کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا اور اس حوالے سے گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔