پنجاب کے سرکاری کالجوں میں انٹر کے داخلوں کی آن لائن درخواستیں سوا 2 لاکھ سے تجاوز کرگئیں

طالبات کی شرکت 65.25 فیصد کے ساتھ نمایاں، آئی سی ایس اور ایف اے مقبول شعبے، پری میڈیکل میں طالبات کا تناسب 80 فیصد


اسٹاف رپورٹر October 16, 2026

لاہور:

پی آئی ٹی بی کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم (OCAS) کے ذریعے پنجاب بھر کے سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کیلئے اب تک سوا دو لاکھ سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

ان میں طالبات کی تعداد 1 لاکھ 47 ہزار سے زائد (65.25 فیصد) اور طلباء 78 ہزار (34.75 فیصد) ہیں یعنی ہر تین میں سے تقریباً دو درخواست دہندگان طالبات ہیں۔ ایف اے (86,220) اور آئی سی ایس (72,043) سب سے مقبول شعبے رہے، جو مجموعی درخواستوں کا 70 فیصد بنتے ہیں، جبکہ ایف ایس سی پری میڈیکل 39,255 درخواستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ انہی تینوں شعبوں میں طالبات کا تناسب سب سے زیادہ رہا یعنی پری میڈیکل 80 فیصد، ایف اے 69 فیصد، آئی سی ایس 58 فیصد۔

فنی شعبوں میں ایف اے آئی ٹی (9,951 درخواستیں) میں طالبات کا حصہ 63 فیصد رہا، جبکہ ڈی آئی ٹی و ڈی کام میں طلباء زیادہ نمایاں رہے۔ ہوم اکنامکس، میڈیکل لیب ٹیکنالوجی، ڈینٹل ہائجین اور فزیوتھراپی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دلچسپی کم رہی۔

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس نظام سے داخلوں کے عمل کو آسان بنانے اور لمبی قطاروں سے نجات دلانے میں مدد ملی ہے، جبکہ اس کے ذریعے حاصل ہونے والا تعلیمی ڈیٹا حکومت کو بہتر فیصلے کرنے اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

درخواست www.ocas.punjab.gov.pk پر جمع کرائی جا سکتی ہے۔ OCAS کے PayZen کے ساتھ انضمام سے داخلہ فیس موبائل بینکنگ، اے ٹی ایم، کارڈز، ٹی سی ایس اور برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔