لکی مروت: فورسز کا مشترکہ آپریشن، کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ خارجی دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد نے کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں خودکش بارود بردار گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی


ویب ڈیسک October 16, 2026

خیبرپختونخوا پولیس نے کہا ہے کہ لکی مروت میں مشترکہ آپریشن میں کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ دہشت گرد خوارجی زاہد گل ہلاک کردیا گیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سی ٹی ڈی لکی مروت اور سیکیورٹی فورسز نے ایف آر لکی مروت میں کامیاب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر خوارجی زاہد گل (خوارجی گل بہادر گروپ) مارا گیا،  ہلاک دہشت گرد پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ہلاک دہشت گرد نے کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں خودکش بارود بردار گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی، خوارجی زاہد گل دہشت گردی کے متعدد دیگر سنگین واقعات میں بھی سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔

ہلاک دہشت گرد بلی تنگ بینک ڈکیتی میں خود موقع پر موجود تھا جس میں 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے، ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کہا کہ مارا جانے والا دہشت گرد خوارجی گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں ملوث رہا، دو ماہ قبل دہشت گرد نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی خودکش حملہ آور لایا تھا جو ناکام بنا دیا گیا۔

ہلاک دہشت گرد کے اگلے اہداف کوہاٹ میں پی اے ایف سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول تھے، دہشت گرد تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔