پی آئی اے کی قیادت میں بڑی تبدیلی، نیا سربراہ مل گیا

مذکورہ تقرری کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ضروری منظوریاں اور رسمی کارروائیاں باقی ہیں، ذرائع


ویب ڈیسک October 16, 2026
فوٹو: پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی قیادت میں اہم تبدیلی ہوئی ہے اور ایڈرین ہیملٹن مانز کو قومی ائیرلائن کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) نامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈرین ہیملٹن مانز اس سے قبل عمان کی فضائی کمپنی سلام ائیر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں کمرشل ایوی ایشن اور ایئرلائن مینجمنٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے چیئرمین نے نئے نامزد سی ای او کا ادارے کے تمام چیفس سے تعارف بھی کرا دیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کی انتظامی قیادت میں تبدیلی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ان کی تقرری کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ضروری منظوریوں اور رسمی کارروائیوں کی تکمیل باقی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایڈرین ہیملٹن مانز بین الاقوامی فضائی صنعت میں تقریباً تین دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ مختلف ممالک کی فضائی کمپنیوں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کر چکے ہیں، سلام ائیرکے علاوہ وہ قازقستان کی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آریستان کے بھی چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں، ان کے پیشہ ورانہ تجربے میں ائیرلائن آپریشنز، کمرشل مینجمنٹ اور فضائی کمپنیوں کے انتظامی امور شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایڈرین ہیملٹن مانز کی نامزدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ادارے کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں اور کاروباری امور کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

رواں سال جون میں عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں سرمایہ کار کنسورشیم کو پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد قومی ائیرلائن کی تنظیم نو اور انتظامی اصلاحات کا عمل اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے سی ای او کی تقرری سے پی آئی اے کی انتظامی قیادت کو بین الاقوامی ایوی ایشن کے تجربے سے مستفید کرنے کی توقع کی جا رہی ہے، ادارے کی مالی صورت حال، آپریشنل کارکردگی، پروازوں کے نظام، کمرشل حکمت عملی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں بہتری کے حوالے سے نئے سربراہ کو اہم چیلنجز کا سامنا ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی آئی اے میں قیادت کی یہ تبدیلی ائیرلائن کی نجکاری کے بعد جاری انتظامی تبدیلیوں کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے، ایڈرین ہیملٹن مانز کی باضابطہ تقرری اور ذمہ داریاں سنبھالنے سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ منظوریوں اور ضروری کارروائیوں کی تکمیل کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔