ٹرمپ نے زیلنسکی کو توانائی کی بڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے یوکرین میں انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے.
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی آئل ریفائنریوں اور توانائی کے مراکز پر یوکرین کے حملوں سے عالمی سطح پر ایندھن، خصوصاً ڈیزل، کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ٹرمپ نے روسی ریفائنریوں پر حملوں کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ڈیزل کی ضرورت ہے اور ایسے حملے عالمی توانائی کی فراہمی کو متاثر کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر یوکرین میں انتخابات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں اب یوکرین کو انتخابات کی ضرورت ہے اور زیلنسکی کی جگہ نیا صدر آنا چاہیے جو روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدہ کر سکے۔
انہوں نے زیلنسکی کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مقابلے میں مذاکرات کے لیے زیادہ مشکل قرار دیا۔
دوسری جانب زیلنسکی نے واضح کیا ہے کہ یوکرین انتخابات کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے روس کی جانب سے کم از کم 60 روزہ مکمل جنگ بندی ضروری ہوگی۔ زیلنسکی کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران انتخابات کا انعقاد مشکل ہے اور یوکرینی عوام ہی اپنے مستقبل کے حکمران کا انتخاب کریں گے۔