چین کا سیکیورٹی خدشات پر واخان کوریڈور کھولنے سے انکار، طالبان رجیم کو بڑا جھٹکا

طالبان رجیم میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کے خطرات نے ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو متاثر کیا ہے


ویب ڈیسک October 17, 2026

چین نے سیکیورٹی خدشات کے باعث واخان کوریڈور کو کھولنے سے انکار کردیا ہے، جس سے طالبان رجیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

ناجائزطالبان رجیم میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کے خطرات نے ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو متاثر کیا ہے۔ افغان جریدہ اطلس پریس نیوز ایجنسی کے مطابق چین نے سیکیورٹی خدشات دور ہونے تک افغانستان کے ساتھ سرحد کھولنے سے انکار کردیا ہے۔

افغان جریدے کے مطابق چین نے واخان روڈ کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی اسے سفارتی سطح پر باضابطہ طور پر تسلیم کیا۔ چین کو سرحدی سیکیورٹی پر تشویش ہے اوروہ مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ کو سنکیانگ کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

چینی ماہرِ بین الاقوامی امور ژو یونگ بیاو کےمطابق واخان سرحدی گزرگاہ کھلنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، کیونکہ چین کے لیے افغانستان کے ساتھ تجارت کے فوائد کم اورسیکیورٹی خطرات اور اخراجات زیادہ ہیں۔