کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، موٹر سائیکل اور چھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران بعض ملزمان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔
اورنگی ٹاؤن ہی کے علاقے پیرا آباد کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق جیل چورنگی پل کے قریب مسلح ملزمان سے مقابلے میں ایک زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت فیاض، اسلم اور امیر حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
عزیز آباد کے علاقے میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت محمد عبید اللہ ولد رضا الکریم کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ممکنہ ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔