وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سی بی سی کراچی نے مالیاتی فراڈ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کمپنی کے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کے کمرشل بینک سرکل کراچی نے نجی کمپنی کے فنڈز میں مبینہ خردبرد کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا اور اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار محمد عباس خان کو مالیاتی فراڈ کی منصوبہ بندی اور اس پورے طریقہ واردات میں مرکزی کردار ادا کرنے والا ملزم قرار دیا گیا ہے، ملزم نےاپنے ساتھی شہریار کے ساتھ مل کر ایسا جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا جس کا عنوان نجی کمپنی کے مالک کے اصل بینک اکاؤنٹس سے مماثل تھا تاکہ کمپنی کی رقوم کو دھوکا دہی کے ذریعے منتقل کیا جا سکے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ تحقیقات کے مطابق کمپنی کے اصل بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے لیے جاری کیے گئے، ریفنڈ پے آرڈرز اور چیکس مبینہ طور پر دھوکا دہی سے ملزمان کے زیرِ استعمال بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا دیے گئے، جس کے نتیجے میں کمپنی کے مالک کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ انکوائری کے دوران شہریار نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں فعال کردار ادا کیا اور خردبرد کی گئی رقم میں سے 40 فیصد بطور حصہ یا کمیشن وصول کیا، اس بیان کی مزید تصدیق اور مالی لین دین سے متعلق شواہد کا جائزہ تفتیش کا حصہ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے مقدمے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش کے دوران جعلی اکاؤنٹس، مالی لین دین، خردبرد کی گئی رقم اور ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے بینکنگ فراڈ، مالیاتی جرائم اور کمپنیوں کے فنڈز میں غیر قانونی خردبرد میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-10-18%20at%208-55-54%20PM.mp4