امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی حمایت میں آگئے ہیں اور انہوں نے اسرائیلی انتخابات میں عوام سے نیتن یاہو کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں کہا کہ نیتن یاہو شدید مخالفت یہاں تک کہ خود اسرائیل کے اندر ہونے والی مخالفت کے باوجود مضبوط، بہادر اور ذہین ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو اس سب کے باوجود وہ ڈٹے رہے اور آگے بڑھے، میں نے نیتن یاہو کو انتہائی مشکل ترین حالات میں دیکھا ہے، عام مرد یا عورتیں ایسے حالات میں دباؤ کے سامنے ہمت ہار جاتے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری بلکہ وہ مزید مضبوط ہوئے اور آج بھی اسی مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ٹرمپ نے اسرائیل کے عوام کو عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خط وزیراعظم اسرائیل کے طور پر دوبارہ انتخاب کی ان کی اگلی دوڑ میں نیتن یاہو کے لیے میری مکمل اور غیر مشروط تائید کی نمائندگی کرے گا۔
نیتن یاہو 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس سے ‘عظیم جنگجو وزیر اعظم’ اور امن کا شراکت دار قرار دیا اور فروری میں ایران پر حملوں میں امریکا کا ساتھ دینے پر ان کی تعریف کی ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان شروع ہونے والی جنگ اب ساتویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے، جس سے عالمی سطح پر توانائی کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہو چکا ہے اور پورے مشرقِ وسطیٰ میں بحرانی صورت حال ہے، جس سے اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور علاقائی معیشتیں عدم استحکام کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو شیڈول اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات میں ٹرمپ کی تائید سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکود کو کوئی خاص فائدہ پہنچنا یقینی نہیں کیونکہ ایران کے معاملے پر اسرائیل اور امریکا کے درمیان اختلافات کے باعث اسرائیل میں ٹرمپ کی عوامی حمایت کم ہو چکی ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کسی بھی امیدوار کے لیے اقتدار تک پہنچنے کا واضح راستہ موجود نہیں، اسرائیل میں وزیراعظم کا انتخاب براہ راست عوامی ووٹ سے نہیں بلکہ پارلیمان میں اتحاد سازی کے ذریعے ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں شروع کرنے کے بعد اسرائیل میں پہلے انتخابات ہیں، جو اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ اسرائیل کی تاریخ کے سب سے اہم ادوار میں سے ایک کے بعد نیتن یاہو اقتدار میں رہتے ہیں یا انہیں سیاسی حریف شکست دیتے ہیں جو ایک نئے دور کا وعدہ کر رہے ہیں۔