اسرائیلی ماہرین نے امریکا-ایران جنگ کے نئے آغاز سے خبردار کردیا

پینٹاگون نے ممکنہ مختصر دورانیے کی نئی فوجی مہم کے منصوبوں پر کام کیا ہے


ویب ڈیسک October 19, 2026

اسرائیلی دفاعی ماہرین اور حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ دوبارہ شدت اختیار کرسکتی ہے اور خطہ ایک نئے فوجی تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زامیر کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اور جنگ کا قوی امکان موجود ہے۔ اسرائیلی دفاعی ادارے نے انتخابات سے قبل ممکنہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ برقرار رکھا ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی فوج بھی ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائی کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بعض امریکی ذرائع نے بتایا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں اضافہ ہوا ہے اور پینٹاگون نے ممکنہ مختصر دورانیے کی نئی فوجی مہم کے منصوبوں پر کام کیا ہے۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا دوبارہ بڑے پیمانے پر حملہ کرتا ہے تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا اور ممکنہ اہداف کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے۔

اسرائیلی ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں ایران کے جوہری پروگرام، میزائل و ڈرون صلاحیتوں اور آبنائے ہرمز کا معاملہ نئے تصادم کے اہم محرکات بن سکتے ہیں۔