جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور معروف بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد آنکھ کا معائنہ کرانے پر ڈاکٹروں نے انہیں بینائی کھونے کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا تھا۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے بتایا کہ ان کی دائیں آنکھ کی ریٹینا اپنی جگہ سے الگ ہوگئی تھی تاہم متاثرہ آنکھ ان کی غالب آنکھ نہیں تھی اس لیے ان کے خیال میں اس مسئلے نے کھیل پر زیادہ اثر نہیں ڈالا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی پی ایل کے دوران، خصوصاً رات کے میچز میں دائیں آنکھ کی بینائی دھندلی ہوجاتی تھی۔
سابق کرکٹر کے مطابق وہ اپنے کھیل کے دوران سرجری نہیں کرانا چاہتے تھے اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد معائنہ کروایا۔
تشخیص کے بعد ڈاکٹروں نے اگلے ہی روز ان کا آپریشن کیا اور خبردار کیا کہ تاخیر کی صورت میں وہ بینائی سے محروم ہوسکتے تھے۔
دسمبر 2023 میں ڈی ویلیئرز نے بتایا تھا کہ ان کے بیٹے کی ایڑی غلطی سے ان کی آنکھ پر لگی تھی اور انہوں نے کیریئر کے آخری دو سال ریٹینا کی اس تکلیف کے ساتھ کھیلے۔
مسٹر 360 کے نام سے مشہور ڈی ویلیئرز نے 114 ٹیسٹ میچز میں 8765 اور 228 ون ڈے میچز میں 9577 رنز بنائے۔
وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری، سنچری اور 150 رنز بنانے کے ریکارڈز کے بھی مالک ہیں۔