فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر خطے میں جاری کشیدگی اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے سرکاری دورے پر تہران پہنچ چکے ہیں۔
فیلڈ مارشل اس اہم دورے کے دوران ایران کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون، بارڈر مینجمنٹ اور خطے کے مجموعی سکیورٹی معاملات کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران، ایرانی وزارت خارجہ کا اہم بیان سامنے آگیا
اس دورے کا ایک اہم ترین پہلو ایران اور امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ اپنے عروج پر ہے۔ پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا نہ صرف خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں توازن برقرار رکھنے کی ایک اہم کوشش بھی ہے۔