امریکا؛ 3 طلبا اور استاد کے قاتل نوجوان کو بندوق ماں نے سالگرہ پر تحفے میں دی تھی

فائرنگ میں 5 سے 11 سال کے 3 بچے اور 25 سالہ استاد ہلاک جبکہ 7 سالہ بچی اور 54 سالہ استاد زخمی ہوئے تھے


ویب ڈیسک October 20, 2026
ماں نے 16 سالہ بیٹے کو سالگرہ پر بندوق دی، اسی سے اسکول میں 4 افراد قتل کردیے

امریکی ریاست اوریگن میں اسکول پر فائرنگ کرکے تین بچوں اور ایک خاتون استاد کو قتل کرنے والے 16 سالہ نوجوان کو بندوق اس کی والدہ نے سالگرہ پر تحفے میں دی تھی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق شاؤنٹائی نکرسن نے اگست 2026 میں بارہ بور کی پمپ ایکشن شاٹ گن قانونی طور پر خریدی تھی اور اسے اپنے بیٹے گرفن جے جان دوم کو تفریحی استعمال کے لیے تحفے میں دیا تھا۔

اسکول میں فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو بینڈ شہر کے سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا تھا جہاں نوجوان پہلے خصوصی تعلیمی ضروریات رکھنے والے طلبا کی جماعت میں پڑھتا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان نے اسکول کے بند شیشے کے دروازوں پر فائرنگ کرکے اندر داخل ہونے کے بعد ایک جماعت میں اندھا دھند گولیاں چلائیں۔

فائرنگ کے نتیجے میں پانچ، آٹھ اور گیارہ سال کے تین بچے اور 25 سالہ استاد میگن لیمبرٹ ہلاک ہوگئے جبکہ سات سالہ بچی اور 54 سالہ استاد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق ایک راہ گیر کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد ڈرائیور نے ہنگامی اداروں کو اطلاع دی تھی۔ اس سے قبل ایک استاد نے بھی حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں زخمی ہوئے تھے۔

اسی دوران 36 سالہ کیلب گیامانکو جو اسکول میں زیرِ تعلیم دو بچیوں کے والد ہیں، مسلح نوجوان کا تعاقب کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوئے اور حملہ آور لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

دوسری جانب ہلاک ہونے والے پانچ سالہ بچے روام سمر کے والدین نے اسکول کے حفاظتی انتظامات اور ممکنہ قانونی ذمہ داری کا جائزہ لینے کے لیے وکلا کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔