نامناسب گانوں پر ٹرولنگ، نیہا ککڑ نے ایسے گانے بنانے کی دلچسپ وجہ بتادی

نیہا ککڑ کو اپنے گانے ’کینڈی شاپ‘ کی ریلیز کے بعد بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا


ویب ڈیسک October 20, 2026

بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کا کہنا ہے کہ وہ ایسے گانے بنانے سے واقف ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر تنقید اور مذاق کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ انہیں جان بوجھ کر تخلیق کرتی ہیں، کیونکہ لوگ ان گانوں پر بھرپور رقص بھی کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ گلوکارہ نے اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ گفتگو میں اپنے گانوں پر ہونے والی ٹرولنگ کے بارے میں بات کی۔ نیہا کے مطابق انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ ’بارہ لڑکے ساتھ گھومے‘ جیسے گانے ریلیز کرنے پر لوگ تنقید کریں گے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ ایسے گانے بنانے کے پیچھے بھی ایک خاص وجہ ہے۔

نیہا ککڑ نے بتایا کہ یہ گانے لوگوں کو رقص کرنے پر آمادہ کرتے ہیں اور پارٹیوں میں بھی چلائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد ایک طرف ان گانوں کا مذاق اڑاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب انہی گانوں پر بننے والی ویڈیوز سے سوشل میڈیا پر ویوز بھی حاصل کرتے ہیں۔ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ تنقید ہوگی، لیکن وہ یہ بھی جانتی ہیں کہ لوگ ان کی موسیقی پر رقص کرنا پسند کرتے ہیں۔

نیہا ککڑ کو دسمبر 2025 میں اپنے گانے ’کینڈی شاپ‘ کی ریلیز کے بعد بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے یہ گانا اپنے بھائی ٹونی ککڑ کے ساتھ مل کر تیار کیا اور خود اس میں آواز بھی دی تھی۔ بعض سامعین نے گانے کے بول کو نامناسب اور غیر شائستہ قرار دیا، جبکہ کچھ لوگوں نے ان پر کے پاپ موسیقی کے انداز اور ظاہری طرز کی نقل کرنے کی کوشش کا الزام بھی لگایا۔

تنقید کے باوجود نیہا ککڑ سوشل میڈیا پر بھارت کی مقبول گلوکاراؤں میں شامل ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد سات کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔