ٹائیگر شروف حملہ آوروں کا اصل ہدف نہیں تھے، تفتیش میں اہم انکشاف

چند دن قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں یہ واقعہ پیش آیا


ویب ڈیسک October 21, 2026

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر مبینہ فائرنگ کے واقعے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ حملہ آوروں کا اصل ہدف کوئی اور معروف فلمی شخصیت تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلے ایک دوسرے بالی ووڈ اسٹار کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم سخت سیکیورٹی کے باعث ان تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دوسرے اداکار تک پہنچنے میں ناکامی کے بعد ٹائیگر شروف کو نسبتاً آسان ہدف سمجھ کر مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں یہ واقعہ پیش آیا جب اداکار فٹبال کلب سے روانہ ہو رہے تھے۔ فائرنگ میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوا جبکہ اداکار گولی لگنے سے محفوظ رہے۔

رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔