بارہویں منزل سے لٹکتی بچی کو اسٹول کی مدد سے بچا لیا گیا، ویڈیو دیکھیں

بچی کے والد کام پر گئے ہوئے تھے جبکہ والدہ اسے سوتا چھوڑ کر سودا سلف لینے باہر گئی تھیں۔


ویب ڈیسک October 21, 2026

چین میں بارہویں منزل کی کھڑکی سے لٹکتی 3 سالہ بچی کو پڑوسیوں نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اسٹول کی مدد سے بچا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 17 اکتوبر کو چین کے صوبے فوجیان کے شہر ژانگ پنگ میں پیش آیا جہاں کمسن بچی گھر میں اکیلی موجود تھی۔

رپورٹس کے مطابق بچی کے والد کام پر گئے ہوئے تھے جبکہ والدہ اسے سوتا چھوڑ کر سودا سلف لینے باہر گئی تھیں۔

اس دوران بچی کھڑکی کی حفاظتی جالی سے باہر نکل گئی اور اس کا سر لوہے کی روڈز میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ خطرناک بلندی پر لٹک گئی۔

https://www.youtube.com/shorts/W2xKGIGAV1o

بچی کو اس حالت میں دیکھ کر رہائشیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری مدد کی کوشش کی۔ دو افراد نچلے فلیٹ کی کھڑکیوں سے باہر جھکے اور اسٹول کی مدد سے بچی کے جسم کو سہارا دیتے رہے تاکہ وہ نیچے نہ گرے۔

بعدازاں فائر فائٹرز نے پہنچ کر فلیٹ کا دروازہ کھولا اور بچی کو بحفاظت نکال لیا۔ طبی معائنے کے بعد تصدیق ہوئی کہ خوش قسمتی سے بچی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔