خیبر پختونخوا کے لیے اہم فیصلوں کا دن؛ میگا ترقیاتی پیکیج سمیت  اہم اعلانات متوقع

وزیراعظم کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، شہباز شریف گرینڈ جرگے سے خطاب بھی کریں گے


ویب ڈیسک October 22, 2026

پشاور:

خیبر پختونخوا کے لیے آج اہم فیصلوں کا دن ہے، جہاں وزیراعظم کی جانب سے میگا ترقیاتی پیکیج سمیت اہم اعلانات متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف آج پشاور پہنچیں گے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ہوں گے۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کو صوبے کے معاملات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران صوبے میں امن و استحکام کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ اجلاس میں صوبے کی امن و استحکام کی صورتحال سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے  خیبر پختونخوا کے عوام کو میگا ترقیاتی پیکیج کی خوشخبری ملنے کا بھی امکان ہے۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران گرینڈ جرگے سے بھی خطاب کریں گے۔

https://youtu.be/RH5-_UAeCOQ?si=BmM6atVZ9VLDg-o9