سندھ میں منکی پاکس سے متاثرہ افراد کی تعداد 98 تک پہنچ گئی

ایک ہفتے کے دوران سندھ میں منکی پاکس کے 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، چوبیس گھنٹے میں دو مریضوں کو تصدیق


فاران خان October 23, 2026

سندھ میں منکی پاکس کے مزید 2 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 98 ہوگئی.

محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سات کیسز سامنے آنے کے بعد نگرانی، متاثرہ افراد سے رابطوں کا سراغ لگانے اور مریضوں کی طبی دیکھ بھال کے اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سندھ میں منکی پاکس کے 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد  منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والوں کی نشاندہی اور نگرانی کی جارہی ہے۔

محکمہ صحت نے سرکاری اور نجی طبی مراکز کو انفیکشن سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مشتبہ یا متاثرہ مریضوں کے جسم پر موجود دانوں، چھالوں، زخموں اور ان کے زیر استعمال تولیے، کپڑوں، بستر سمیت دیگر ذاتی اشیا سے براہ راست رابطے سے گریز کریں۔

ماہرین نے کہا کہ جسم پر غیر معمولی دانے یا چھالے ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی معائنہ کرایا جائے اور ڈاکٹر کو کسی مشتبہ مریض سے رابطے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

منکی پاکس قابلِ تدارک اور قابلِ علاج صحت عامہ کا مسئلہ ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کرتے ہوئے مستند معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔