سعودی فورسز نے یمن کے حوثی کنٹرول والے دارالحکومت صنعا اور اس کے گردونواح میں فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ سے وابستہ میڈیا ادارے ’المسیرہ‘ کے مطابق سعودی فضائی حملوں میں ایک رہائشی مکان کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں کم از کم 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق صنعا گورنریٹ میں واقع ایک سیمنٹ فیکٹری پر بھی فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حوثی میڈیا نے یمن کے ساحلی شہر موخا میں بھی تقریباً 20 فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔
دوسری جانب یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثیوں کے دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔
تاحال سعودی حکام کی جانب سے صنعا اور موخا میں ہونے والے حملوں اور جانی نقصان سے متعلق تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ باب المندب کی ناکہ بندی کے بعد سے سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔