کراچی، ضلع ایسٹ میں 2 پولیس مقابلے، دو زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں جہانگیر روڈ کے قریب پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد پولیس نے ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت طیب ولد ابراہیم اور نصیر ولد عبدالعزیز کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب سمیرہ چوک کے مقام پر پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 42 سالہ وسیم احمد ولد شمس الدین کے نام سے ہوئی، جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔