دورانِ ڈکیتی شوہر اور بچوں کے سامنے زیادتی ڈرامہ نکلا، ماسٹر مائنڈ گرفتار

پولیس نے منصوبہ ساز کو گرفتار کرلیا، مقدمہ درج کرکے دیگر ملزمان کی تلاش شروع کردی


ویب ڈیسک October 25, 2026
فوٹو: فائل

ملتان:

ملتان میں شوہر اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی خاتون کی جانب سے زیادتی کا دعویٰ جھوٹا نکلا، جس کا مقصد رقم کے عوض مخالفین کو پھنسانا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کی رات پیش آنے والے اس واقعے میں میاں بیوی نے رقم کے بدلے ڈکیتی اور زیادتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

پولیس کے مطابق عابد نامی شخص کا اپنے مخالفین کے ساتھ مالی تنازع چل رہا تھا، جس کے لیے اس نے سعد اور اس کی بیوی کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دے کر باقاعدہ منصوبہ تیار کیا تھا۔

منصوبے کے مطابق میاں بیوی نے مخصوص مقام پر جا کر پولیس کو ڈکیتی اور زیادتی کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے ابتدائی طور پر مقدمہ درج کیا، مگر میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس نے تکنیکی شواہد اور جیو فینسنگ کے ذریعے عابد اور میاں بیوی کے رابطوں کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران عابد کو گرفتار کیا تو اس نے مخالفین کو پھنسانے کے لیے سازش تیار کرنے کا اعتراف کر لیا۔

پولیس کی جانب سے میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔