کراچی: ٹریفک حادثات میں فوڈ رائیڈر سمیت 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

نارتھ ناظم آباد میں فوڈ رائیڈر کی ہلاکت کے واقعے میں گاڑی میں سوار چار نوجوان زیر حراست


ویب ڈیسک October 25, 2026

کراچی:

شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے دوران دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے، جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن میں حادثے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں فوڈ رائیڈر کی ہلاکت کے واقعے میں گاڑی میں سوار چار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی علی الصبح نارتھ ناظم آباد میں میٹرک آفس کے قریب دل پسند سوئٹس کے سامنے تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 28 سالہ امتیاز کے نام سے ہوئی، جو اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس ٹاؤن کا رہائشی اور فوڈ رائیڈر تھا۔ لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

متوفی کے دوست کے مطابق امتیاز رات بھر کام کرنے کے بعد آخری آرڈر لے کر ڈی اے چورنگی جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ دوست نے الزام لگایا کہ گاڑی میں سوار افراد مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے۔ اس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے امتیاز کے دوست کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

امتیاز کے بھائی نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ سال سے فوڈ رائیڈر کا کام کر رہا تھا اور ایک سال بعد اس کی شادی ہونا تھی۔ انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عدیل احمد کے مطابق پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں اذان نامی نوجوان کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی اذان چلا رہا تھا۔ گاڑی میں سوار دیگر تین نوجوانوں کو بھی دفعہ 54 کے تحت حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد امتیاز کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

دوسری جانب رضویہ تھانے کی حدود میں نیو گولیمار، رضویہ کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ چھیپا ایمبولینس کے ذریعے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 35 سال تھی اور تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اس کی موت ہوئی۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ادھر شاہ لطیف ٹاؤن میں عبداللہ گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی۔