گھنی مونچھوں والا نومولود بچہ، سوشل میڈیا صارفین حیرت میں مبتلا

اس ویڈیو کے حوالے سے کسی اسپتال، ڈاکٹر، طبی ریکارڈ یا بچے کے خاندان کی تصدیق سامنے نہیں آئی: رپورٹ


ویب ڈیسک October 25, 2026

سوشل میڈیا پر گھنی اور سیاہ مونچھوں والے نومولود بچے کی وائرل ہونے والی ویڈیو انٹرنیٹ صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ویڈیو دیکھنے والے افراد یہ سوال کر رہے ہیں کہ آیا بچہ حقیقت میں ایسی مونچھوں کے ساتھ پیدا ہوا ہے یا اس کی شکل ڈیجیٹل فلٹر کے ذریعے تبدیل کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹس کے مطابق یہ ویڈیو ایکواڈور کی ہے۔ وی آئی سی ای (VICE) اور وائن (WION) کی رپورٹس کے مطابق، ویڈیو کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ویڈیو میں نومولود بچے کے اوپری ہونٹ اور گالوں کے بعض حصوں پر گھنے سیاہ بال دکھائی دیتے ہیں۔ بچے کی غیر معمولی شکل نے سوشل میڈیا صارفین کو مزاحیہ تبصرے کرنے پر مجبور کر دیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ایک صارف نے لکھا کہ بچے نے کنڈرگارٹن جانے کے بجائے سیدھا درمیانی عمر کے بحران میں قدم رکھ دیا جبکہ دوسرے صارف نے مذاق میں کہا کہ بچہ تین بچوں اور دو گھروں کے قرضوں کے ساتھ ریٹائر ہو کر پیدا ہوا ہے۔

صارفین نے بچے کی مختلف مزاحیہ تصاویر بھی تیار کیں، جن میں اسے فوجی وردی میں ’سپریم لیڈر‘ کی تختی کے ساتھ بیٹھے، سگار کے ساتھ کاروباری لباس پہنے اور قدیم جنگجو کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

(تصویر: MrBET)

(تصویر: MrBET)

کیا نومولود بچے مونچھوں کے ساتھ پیدا ہو سکتے ہیں؟

طبی معلومات کے مطابق بعض نومولود بچوں کے جسم پر لینوگو نامی باریک اور نرم بال موجود ہوتے ہیں جو عموماً پیدائش کے بعد چند ہفتوں میں ختم ہو جاتے ہیں۔ یہ بال بچے کی کمر، کندھوں، کانوں اور چہرے پر بھی نظر آ سکتے ہیں۔

تاہم، یہ باریک بال ویڈیو میں دکھائی دینے والی گھنی اور واضح مونچھوں جیسی شکل اختیار نہیں کرتے۔

وائن کی فیکٹ چیک رپورٹ میں ویڈیو کے اندر ڈیجیٹل ایڈیٹنگ کے ممکنہ شواہد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بچے کے سر اور چہرے کی حرکت کے ساتھ مونچھیں قدرتی انداز میں حرکت نہیں کرتیں، بلکہ بچے کے حرکت کرنے پر ان کی شکل میں غیر معمولی تبدیلیاں دکھائی دیتی ہیں۔ مونچھوں پر پڑنے والی روشنی بھی پس منظر میں موجود اسپتال کے کمرے کی روشنی سے مطابقت نہیں رکھتی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کے حوالے سے کسی اسپتال، ڈاکٹر، طبی ریکارڈ یا بچے کے خاندان کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

فیکٹ چیک رپورٹ کے مطابق بچہ حقیقی ہو سکتا ہے لیکن اس کی مونچھیں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی فیس میپنگ فلٹر یا کسی دوسرے ڈیجیٹل ایڈیٹنگ ٹول کے ذریعے شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، وی آئی سی ای کی رپورٹ میں پیدائشی ہائپرٹرائیکوسس جیسی نایاب طبی کیفیت کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس میں جسم کے کسی مخصوص حصے یا پورے جسم پر غیر معمولی طور پر زیادہ بال اگ سکتے ہیں۔ بعض بچوں میں بالوں کے جھڑنے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا مائنوکسڈل کے جلد کے ذریعے رابطے سے بھی بالوں کی غیر معمولی نشوونما دیکھی گئی ہے۔

تاہم، ان طبی وجوہات کا اس وائرل ویڈیو سے کوئی ثابت شدہ تعلق سامنے نہیں آیا۔ دستیاب معلومات کے مطابق، بچے کی مونچھیں قدرتی ہونے کے بجائے ڈیجیٹل فلٹر کے ذریعے شامل کیے جانے کا امکان زیادہ ہے۔