اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید ہلال کشمیر (نشانِ حیدر) کی 78ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی بے مثال قربانی اور شجاعت پوری قوم کے لیے باعث فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے اور اپنی ذاتی حیثیت میں وطن کے اس بہادر سپوت کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگِ آزادی کشمیر کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے تعداد میں کئی گنا زیادہ اور اضافی وسائل کے حامل دشمن کے شدید حملے کو مستعدی اور دلیری سے ناکام بنایا۔
شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے فوجی دستے کی کمان جاری رکھی اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
صدر مملکت کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے مادرِ وطن کی حرمت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے شجاعت اور بہادری کی عظیم داستان رقم کی جو قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا، کیونکہ قوم کے یہ عظیم سپوت ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔