امریکا صرف اپنی بات منوانا چاہتا ہے،دو طرفہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں؛ ایران

امریکا گزشتہ دو برس سے مذاکرات اور اپنی شرائط مسلط کرنے کے درمیان فرق نہیں کر پا رہا ہے، ترجمان اسماعیل بقائی


ویب ڈیسک October 26, 2026
امریکا کیساتھ مذاکرات پہلے کے مقابلے میں زیادہ سنجیدہ اور مختصر ہونے کی امید ہے؛ ایران (فوٹو: ایرانی میڈیا)

ایران نے امریکا پر مذاکرات میں سنجیدہ نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران سفارت کاری کے لیے پُرعزم ہے اور اس نے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکا گزشتہ دو برس سے مذاکرات اور اپنی شرائط مسلط کرنے کے درمیان فرق نہیں کر پا رہا۔

اسماعیل بقائی کے بقول امریکی فریق مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے اور اس کا طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ بات چیت کو باہمی مفاہمت کے بجائے اپنی شرائط منوانے کا ذریعہ سمجھتا ہے۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران نے اپنے عوام اور عالمی برادری پر واضح کر دیا کہ وہ سفارت کاری کے لیے سنجیدہ اور ثابت قدم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کا راستہ بند نہیں کیا اور وہ سفارتی کوششوں کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔