پیٹرولیم لیوی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات آج متوقع

حافظ نعیم الرحمٰن اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، ذرائع


ویب ڈیسک October 27, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر ملاقات متوقع ہے، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حافظ نعیم الرحمٰن کو ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹیلی فون پر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

لیاقت بلوچ کے مطابق ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کا معاملہ زیر بحث آئے گا، تاہم یہ ملاقات آج ہوگی یا کل، اس کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی پہلے ہی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دے چکی ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت کے بعد مارچ مؤخر کردیا گیا تھا۔

اب مجوزہ ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف اور لیوی کے معاملے پر حکومت کے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔