گورنرپنجاب 100 کروڑ مالیت کی 10 ایکڑ زمین انڈس اسپتال کو عطیہ دینے کا اعلان

زمین ضلع اٹک میں انڈس ہسپتال کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی


افضال طالب October 27, 2026

گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے لاہور  میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی آٹھویں دو سالہ کانفرنس کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔

گورنرپنجاب کی جانب سے سو کروڑ مالیت کی دس ایکڑ زمین انڈس ہسپتال کو عطیہ دینے کا اعلان کیا، زمین ضلع اٹک میں انڈس ہسپتال کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع اٹک میں انڈس ہسپتال کی تعمیر سے وہاں کے عوام کو بھی صحت کہ سہولیات مفت حاصل ہوسکیں گی۔

ضلع اٹک میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایاجارہاہے۔غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگ طبی سہولیات سے محروم ہیں ان کی محرومی کو ختم کرنا میرا مشن ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ صحت کا نظام ناگزیر ہے۔موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور شدید موسمی حالات پاکستان کے صحت کے نظام کے لیے بڑے چیلنج بن چکے ہیں۔ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ طبی نظام تشکیل دینا ہوگا۔

انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک  کی جانب سے معیاری طبی سہولیات مفت فراہم کرنے کے ماڈل کو سراہتے ہیں انسانیت کی خدمت قابلِ تقلید مثال ہے۔طبی تحقیق، آفات سے نمٹنے کے مؤثر طریقۂ کار اور طبی رہنما اصولوں کو صحت کی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے عوام، بالخصوص کمزور طبقات، کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔