خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے پورن بازار الوچ میں پلازہ کی چھت گرنے کے حادثے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پورن بازار الوچ نیم کلے پل پر نور محمد پلازہ کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق چھجے پر کئی افراد کھڑے تھے جو وزن برداشت نہ کر سکا۔
لینٹر گرنے سے مذکورہ افراد نیچے ندی میں گر گئے جس میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے میڈیکل ٹیموں کو ایمبولینسز سمیت جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا جہاں سے میتوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شدید زخمیوں کو مزید علاج معالجے کے لیے ریسکیو 1122 کی ریفرل سروس کے تحت ایمبولینسز کے ذریعے سیدو گروپ آف ٹیچنگ اسپتال، سوات منتقل کردیا گیا۔
اُدھر مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کا شانگلہ کے علاقے پورن بازار الوچ میں پلازہ کی چھت کا حصہ گرنے کے افسوسناک واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بچہ موقع پر جبکہ دوسرا اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
ثمر ہارون بلور نے حادثے میں 6 افراد کے زخمی ہونے پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کیا۔
ثمر ہارون بلور نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی بروقت کارروائی اور کوششوں کو سراہاْ۔