کراچی:
میڈیا اینکر پرسن مرید عباس کے قتل میں شریک ملزم چھ سال سے مفرور عادل زمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عادل زمان کو دبئی سے واپسی پر پشاور ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا جسے بعدازاں کراچی منتقل کرکے درخشاں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے اینکر مرید عباس قتل کیس میں پشاور سے گرفتار اشتہاری ملزم عادل زمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو اینکر مرید عباس قتل کیس میں پشاور سے گرفتار اشتہاری ملزم عادل زمان کو پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو 9 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کیس کا ضمنی چالان طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ مرید عباس اور خضر حیات کو 9 جولائی 2019ء کو ڈیفنس خیابانِ بخاری میں قتل کردیا گیا تھا۔ کیس کے مرکزی ملزم عاطف زمان کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔۔