قطر اور ایران میں توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

قطر دنیا کے اہم مائع قدرتی گیس برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے جبکہ ایران بھی گیس کے بڑے ذخائر رکھتا ہے


ویب ڈیسک October 27, 2026
ایران اور عمان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتے رہیں گے، قطر (فائل، فوٹو)

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات زیرِ بحث آئے۔

تاحال اس ملاقات میں زیرِ غور مخصوص منصوبوں یا کسی معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

امیرِ قطر نے کہا کہ گیس برآمد کرنے والے ممالک کا فورم عالمی توانائی منڈی کو درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال اور باہمی تعاون مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔

شیخ تمیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں گیس پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر مائع قدرتی گیس کی صنعت میں اپنے نمایاں کردار کے ذریعے عالمی توانائی تحفظ کی حمایت جاری رکھے گا۔

امیرِ قطر نے مزید کہا کہ ان کا ملک اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر شراکت داریاں بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

یاد رہے کہ قطر دنیا کے اہم مائع قدرتی گیس برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے جبکہ ایران بھی گیس کے بڑے ذخائر رکھتا ہے۔

خطے میں جنگ اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے کشیدگی نے توانائی کی ترسیل اور عالمی منڈیوں کے تحفظ کو اہم موضوع بنا دیا ہے۔

ایسے حالات میں گیس پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔