پاکستان کرکٹ بورڈ اور نجی بینک کے درمیان اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیلیے معاہدہ

اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت اسکولز میں کرکٹ کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا


اسپورٹس ڈیسک October 28, 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور نجی بینک کے درمیان اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ،  رکن قومی اسمبلی عون چوہدری،  ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نجی بینک اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے اسپانسر شپ کی مد میں مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے فراہم کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تمام انتظامات کرے گا۔

اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت اسکولز میں کرکٹ کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اسکولز کی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور نجی بینک کے درمیان شراکت داری سے نئے اسٹارز کرکٹ کے افق پر جگمگائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسکولز کرکٹ کو پروموٹ کرنے کے حوالے سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا اسکولز کرکٹ کو دوبارہ فعال کرنے میں متحرک کردار قابل تحسین ہے۔