ایران پر حملے کی دھمکیوں کے درمیان ٹرمپ تہران سے مذاکرات کے لیے تیار، امریکی میڈیا

نائب صدر جے ڈی وینس نے محسن رضائی کو خط بھیجا ہے، امریکی اخبار


ویب ڈیسک October 28, 2026

امریکہ نے ایران کو جنگ کی دھمکیوں کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے بھی کوششیں تیز کردیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کو خط بھیجا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خط میں مذاکرات کی بحالی اور بڑے پیمانے پر دوبارہ جنگی کارروائیوں کو روکنے کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر بات کی گئی ہے۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران کے سخت گیر رہنماؤں سے براہ راست رابطہ زیادہ قابلِ اعتماد اور دیرپا سفارتی نتائج کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

اخبار کے مطابق جے ڈی وینس یہ جائزہ بھی لے رہے ہیں کہ آیا دونوں ممالک کے درمیان کوئی ایسی سفارتی بنیاد قائم ہوسکتی ہے جس سے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر امریکہ کے ممکنہ مختصر مگر شدید فوجی حملے کو روکا جاسکے۔