امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع سوانا ریور سائٹ نامی اہم جوہری تنصیب میں لیبارٹری کے اندر آگ لگنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ توانائی کی سوانا ریور سائٹ نے بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 39 منٹ پر تنصیب کے اندر ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔ یہ تنصیب جنوبی کیرولائنا میں شہر ایکن کے قریب واقع ہے۔
تنصیب کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم بعد میں آگ بجھا دی گئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اس سے قبل انتظامیہ نے کہا تھا کہ تنصیب میں ایک واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث ہنگامی ردعمل کی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بھی اس مقام پر امریکی حکومت کے ایک ’جوہری واقعے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے عارضی فضائی پابندی نافذ کردی۔
تاہم حکام نے تاحال آگ لگنے کی وجہ، کسی ممکنہ مادے کے اخراج کی نوعیت یا مقدار، اور کسی شخص کے زخمی ہونے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
سوانا ریور سائٹ امریکی اسلحہ جاتی نظام کی اہم تنصیبات میں شمار ہوتی ہے اور اس کی ویب سائٹ کے مطابق یہ 75 برس سے زائد عرصے سے امریکی فوج کے تزویراتی دفاعی مشن کی معاونت کررہی ہے۔