تھرپارکر ایمبولینس حادثہ؛ جاں بحق افراد کے ورثا کو 20 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واقعے کا نوٹس لے لیا، شفاف تحقیقات کی ہدایات


ویب ڈیسک October 29, 2026

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں ایمبولینس حادثے میں جاں بحق 9 افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو محکمہ صحت سے واقعے کی شفاف انکوائری کرانے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کی آخری رسومات کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو نگرپارکر پہنچ کر امدادی اور انتظامی اقدامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔

سید مراد علی شاہ نے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر میں پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندھل میں آکسیجن سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے اور حقائق سامنے لانے کی ہدایت بھی کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر یہ المناک واقعہ انسانی غفلت یا کسی مجرمانہ فعل کا نتیجہ ہے تو ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے تھرپارکر میں آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ نظام کا جائزہ لینے اور مؤثر اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔