کراچی؛ رکشے کی ٹکر پر خاتون آپے سے باہر، ٹریفک معطل، ویڈیو وائرل

وائرل ویڈیو میں خاتون کو مشتعل حالت میں ٹریفک روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک October 29, 2026

کراچی:

کراچی کے علاقے گلستان جوہر موڑ پر رکشے کی کار کو ٹکر لگنے کے بعد کار سوار خاتون مشتعل ہوگئی، خاتون نے رکشے سمیت دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سڑک پر ٹریفک روک دی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ صبح پیش آیا، رکشے کی ٹکر سے کار کو نقصان پہنچنے پر خاتون طیش میں آگئی اور رکشہ ڈرائیور کی جگہ بیٹھ کر اپنی گاڑی کی چابیاں طلب کرتی رہی۔ واقعے کے مقام پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہونے کے باعث راشد منہاس روڈ سے جوہر موڑ جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں خاتون کو مشتعل حالت میں ٹریفک روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کے مطابق ایک شہری نے کار نکالنے کی کوشش کی تو خاتون چلتی گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گئی، جس پر شہری نے اسے دھکا دے کر گاڑی سے نیچے گرا دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر نفری موقع پر پہنچی اور خاتون کو شاہراہ فیصل تھانے منتقل کردیا۔ بعدازاں خاتون کے اہل خانہ تھانے پہنچے اور معافی مانگی، جبکہ متاثرہ افراد کے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔