پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار شہید

مقتول کی شناخت 32 سالہ یاسر کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی برانچ چوکی میں کمپیوٹرآپریٹرکے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے


احتشام خان October 29, 2026
فوٹو: فائل

پشاور کے علاقے سفید سنگ میں چلتی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے حساس ادارے کے نوجوان اہلکار کوشہید کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے سفید سنگ میں ناصرباغ پولیس کے مطابق واقعہ ورسک جمرودروڈ انزرے بانڈہ سفید سنگ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق سپیشل برانچ کے اہلکار یاسرغنی ولد فضل غنی سکنہ ستارکورونہ سفید سنگ اپنی آلٹوگاڑی میں ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے اس دوران جائے وقوعہ پر موٹرسائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ متعدد گولیاں لگنے سے شہید ہوگئے۔

مقتول کی شناخت 32 سالہ یاسر کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی برانچ چوکی میں کمپیوٹرآپریٹرکے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔

مدعیہ مسماة عاصمہ بی بی نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ وہ صبح کے وقت شوہر کے ہمراہ گاڑی میں نکلے جبکہ ان کے ساتھ زوجہ محمد اشفاق بھی موجود تھیں۔

انہوں نے بتایاکہ شوہر انہیں سپورٹس فیسٹول کے سلسلے میں انزرے بانڈہ لیکر جارہا تھا ۔راستے میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی جس سے شوہرشہید جبکہ فائرنگ سے پچھلی سیٹ پر بیٹھی خاتون زخمی ہوگئی۔

انہوں نے بتایاکہ ہماری کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع  کردی ہے