نائب وزیراعظم سے صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم کی ملاقات، ترقیاتی عمل تیز کرنے کیلئے تبادلہ خیال

اسحاق ڈار نے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی


خالد محمود October 29, 2026
فوٹو: پی آئی اے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر و وزیراعظم کی ملاقات میں مقامی تجارت کے فروغ، علاقائی سیاحت کے شعبے کو مضبوط بنانے اور اہم شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی گئی۔

اس موقع پر صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہدفی معاونت اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے صحت اور تعلیم کی سہولیات کو بہتر بنانے، عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے بامعنی مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت مقامی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوش حالی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان خطے کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود کے لیے تعاون جاری رکھے گی، ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔