ایران کے ساتھ جنگ ’ہمیشہ جاری رہنے والی جنگ‘ نہیں بنے گی، ٹرمپ ایسا نہیں ہونے دیں گے: جے ڈی وینس

طویل فوجی مداخلتوں کی مخالفت کا مطلب یہ نہیں کہ فوجی طاقت کے استعمال کو مکمل طور پر مسترد کردیا جائے، انٹرویو


ویب ڈیسک October 30, 2026

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری تنازع کو ایک طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں پر ہونے والی تنقید کے باوجود ایران کے خلاف انتظامیہ کی فوجی مہم کا دفاع کیا ہے۔

جے ڈی وینس نے یہ بات امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں فاکس نیوز کے ایک ٹاؤن ہال پروگرام کے دوران کہی۔ وہ ریپبلکن پارٹی کے ایک ووٹر کے سوال کا جواب دے رہے تھے، جس نے پوچھا تھا کہ کیا ٹرمپ انتظامیہ نے مہنگی بیرونِ ملک جنگیں ختم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے؟

وینس نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مداخلتوں پر عوامی بے چینی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی عراق میں فوجی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس خطے میں طویل فوجی مہمات کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا گزشتہ سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں ایران کے معاملے میں ملوث ہے، جبکہ ایران کے ساتھ امریکی کشیدگی کو 47 سال گزر چکے ہیں۔ تاہم، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ تنازع کو ’ہمیشہ جاری رہنے والی جنگ‘ نہیں بننے دیں گے۔

امریکی نائب صدر نے وضاحت کی کہ طویل فوجی مداخلتوں کی مخالفت کا مطلب یہ نہیں کہ فوجی طاقت کے استعمال کو مکمل طور پر مسترد کردیا جائے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ امریکا کے طے شدہ مقاصد حاصل کرنے کے بعد اپنی حکومت کی دیگر ترجیحات پر توجہ دیں گے۔

وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے ساتھ جاری تنازع اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کردار پر امریکا کے اندر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔