مکہ کی جانب ڈرون بھیجنے کا الزام، حوثیوں نے سعودی اتحادی فوج کا دعویٰ مسترد کردیا

حوثی ترجمان کے مطابق گروپ کی کارروائیوں کا ہدف تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈے ہوتے ہیں


ویب ڈیسک October 30, 2026

یمن کے حوثی گروپ نے سعودی اتحادی فوج کے اس دعوے کی تردید کردی ہے کہ اس نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں حوثیوں کا ایک ڈرون روک کر تباہ کیا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع کا کہنا ہے کہ ان کے گروپ نے آج سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔

الجزیرہ کے مطابق یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف آج کوئی آپریشن نہیں کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گروپ کی کارروائیوں کا ہدف تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈے ہوتے ہیں۔

اس سے قبل سعودی اتحادی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں حوثیوں کا ایک ڈرون فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا ہے۔

تاہم حوثی ترجمان کے بیان کے بعد اس واقعے سے متعلق دونوں فریقوں کے مؤقف میں تضاد سامنے آگیا ہے۔ سعودی اتحادی فوج نے ڈرون کو حوثیوں سے منسوب کیا، جبکہ حوثیوں نے سعودی سرزمین کی جانب ڈرون بھیجنے کی تردید کی ہے۔