گلستان جوہر میں بائیک سوار کی فائرنگ سے پی آئی اے کا انجینئر قتل

ابراہیم حیدری جمعہ گوٹھ میں فرار ڈکیتوں کی فائرنگ سے شہری زخمی، ناظم آباد بلاک جے میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی


ساجد رؤف November 01, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

گلستان جوہر میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزم نے فائرنگ کرکے پی آئی اے کے انجینئر کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا، ابراہیم حیدری جمعہ گوٹھ میں آئس فیکٹری میں ڈکیتی کرکے فرار ہوئے ملزمان کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا، ناظم آباد بلاک جے تقی سینٹر کے قریب دودھ کی دکان پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش پہلے گلستان جوہر واقعے میں نجی اسپتال اور بعدازاں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی،فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔

فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق شخص کی شناخت 54 سالہ امتیاز احمد ولد شاہ دین کے نام سے کی گئی، مقتول 4 بچوں کا باپ اورپی آئی اے میں بطور انجینئرتعینات تھا مقتول کی اہلیہ اور بیٹیاں جرمنی میں مقیم ہیں۔

پولیس نے واقعے کی فوٹیج حاصل کرلی، مقتول امتیاز کو تیز قدموں سے سڑک عبور کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سڑک عبور کرتے ہی مقتول امتیاز سڑک کنارے گاڑی کے قریب گرتے دیکھا جا سکتا ہے، فائرنگ ہوتے ہی قریب موجود لوگوں کو جان بچا کر بھاگتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں، چند سیکنڈ کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار کو تیزی سے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے پولیس کو شبہ ہے کہ اسی نے فائرنگ کی تھی۔

ایس ایچ او شارع فیصل عنصربٹ کے مطابق امتیاز احمد گلستان جوہر بلاک 13 میں واقعے رمشا ایونیو میں مقیم تھا، مقتول اپنے گھرسے روٹی لینے نکلا تھا، مقتول کا موبائل فون اور پرس اور دیگرچیزیں اسکے پاس موجود ہیں، واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نہیں ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزم کی جانب سے کی گئی، مسلح ملزم نے چار سے پانچ فائر کیے، مقتول کو بازو کے پاس ایک گولی پسلی میں لگی، جو جاں لیوا ثابت ہوئی جبکہ قریب کھڑی گاڑی کو 3 گولیاں لگیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کی نوعیت کے حوالے سے فوری کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، پولیس معلومات اکٹھا کر رہی ہے، پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 4 خول اور سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

ابراہیم حیدری تھانے کے علاقے کورنگی سیکٹر 51 بی جمعہ گوٹھ پیالہ ہوٹل کے قریب فائرنگ ایک شخص گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیاگیا زخمی کی شناخت35 سالہ غلام نبی ولد محمد کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق تاج آئس فیکٹری سے موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ شہریوں کی جانب سے شور مچا دیا گیا جس پر مسلح ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہو گئے، فائرنگ سے غلام نبی گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگر گیا جسے فوری جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

شاہراہ نورجہاں تھانے کے نارتھ ناظم آباد بلاک جے تقی سینٹرکے قریب دودھ کی دکان پرنامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی 25 سالہ عاطف ولد صابر کے نام سے کی گئی،فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

ایس ایچ او افتخار تنولی کے مطابق دودھ کی دکان پر لوٹ مار نہیں ہوئی بلکہ فائرنگ کا خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، مسلح ملزمان نے جب دکان پرفائرنگ کی دکان پر زخمی عاطف نے بھی سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اٹھا کرمسلح ملزمان پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی لیکن ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

زخمی عاطف کا کہنا ہے ان کا پنجاب میں تنازع چل رہا ہے اور فائرنگ کا واقعہ اسی تناظرمیں پیش آیا، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد کٹھا کرکے تفتیش شروع کردی۔