ایران کے پاس معاہدے کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا، ٹرمپ

امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ بھی زیادہ عرصے تک نہیں چلے گی، امریکی صدر


ویب ڈیسک November 02, 2026

واشنگٹن:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے معاملے کو زیادہ دیر تک طول نہیں دینا چاہتا اور یہ تنازع جلد کسی نہ کسی صورت میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا کیونکہ تہران کے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا ہے بصورت دیگر واشنگٹن خود اس معاملے کو جلد نمٹا دے گا۔

ان کے بقول امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ بھی زیادہ عرصے تک نہیں چلے گی اور جلد ختم ہونے کی توقع ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم ایک وقت ایسا بھی آسکتا ہے جب سخت فوجی کارروائی ناگزیر ہوجائے۔

ٹرمپ کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایک طرف ایران پر معاہدے کے لیے دباؤ بڑھا رہا ہے تو دوسری جانب فوجی کارروائی کا آپشن بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔