ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوگیا

امریکی حملے کی خبر نے خطے میں کشیدگی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے


ویب ڈیسک November 03, 2026

ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد منگل کو ابتدائی کاروبار کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 4 منٹ پر برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 48 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافے کے بعد 105.25 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 47 سینٹ یا 0.5 فیصد بڑھ کر 96.93 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ پیر کے روز ہونے والی نمایاں کمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ پیر کو برینٹ کروڈ کی قیمت 8.66 ڈالر یعنی 7.63 فیصد کم ہوکر 104.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی تھی۔

ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر نے خطے میں کشیدگی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے، اس لیے خطے میں فوجی کشیدگی کی صورتحال عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔