امریکی مڈٹرم الیکشن کیلیے ووٹنگ جاری؛ ٹرمپ کیخلاف ریفرنڈم ثابت ہو رہا ہے

انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر مقابلہ ہو رہا ہے


ویب ڈیسک November 03, 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے وسط مدتی انتخابات سیاسی مقبولیت کا اہم امتحان بن گئے

امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے ابتدائی دو برسوں کی کارکردگی کا فیصلہ کرنے والے وسط مدتی انتخابات کے لیے مختلف ریاستوں میں پولنگ کا آغاز ہوگیا جنھیں ٹرمپ کی مقبولیت اور سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک، کنیکٹیکٹ، نیو جرسی اور ورجینیا سمیت متعدد ریاستوں میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ووٹنگ شروع ہوئی جبکہ دیگر ریاستوں میں پولنگ کا آغاز مختلف اوقات میں ہوگا۔

یاد رہے کہ 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد امریکی شہری ڈاک اور قبل از وقت ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔ انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر مقابلہ ہو رہا ہے۔

ان نتائج سے طے ہوگا کہ آئندہ دو برس امریکی کانگریس پر ریپبلکنز کا کنٹرول برقرار رہے گا یا ڈیموکریٹس صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے سامنے بڑی رکاوٹ بننے میں کامیاب ہوں گے۔

مختلف عوامی جائزوں میں ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہے تاہم حتمی نتائج سامنے آنے میں کئی ریاستوں میں بدھ یا اس کے بعد تک وقت لگ سکتا ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے مشی گن سے سینیٹ کے ڈیموکریٹ امیدوار عبدالسید کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر مختلف نسلی و مذہبی گروہوں سے نفرت کرنے کا الزام عائد کیا۔

انتخابات کے نتائج ٹرمپ کی مقبولیت اور ان کی جماعت کی آئندہ سیاسی حکمت عملی پر گہرے اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔