امریکی شہر سیئٹل میں این ایف ایل میچ سے قبل آتش بازی کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، واقعے نے اسٹیڈیم میں موجود 70 ہزار سے زائد تماشائیوں کو خوفزدہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیئٹل سی ہاکس اور شکاگو بیئرز کے درمیان میچ سے قبل امریکی فوج کے تین بلیک ہاک ہیلی کاپٹر لومین فیلڈ اسٹیڈیم کے اوپر سے گزر رہے تھے۔ پہلے دو ہیلی کاپٹر بحفاظت گزر گئے لیکن آخری ہیلی کاپٹر کے قریب اس وقت آتش بازی کے دھماکے ہوئے جب اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین کے اوپر آتش بازی کی گئی۔
اچانک ہونے والے دھماکوں پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے خوف اور حیرت کا اظہار کیا لیکن خوش قسمتی سے ہیلی کاپٹر فضا میں محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واقعے کی ویڈیوز اور تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شائقین نے تشویش کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے آتش بازی کے انتظامات پر سوالات اٹھائے جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر چھوٹے ہتھیاروں کی گولیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں نیو انگلینڈ پیٹریاٹس اور بالٹی مور ریونز کے درمیان میچ سے قبل بھی ایک آوارہ آتش بازی کا راکٹ کھیل کے میدان میں جا گرا تھا، جس کے باعث اسٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی تھی۔