پولینڈ، اسپین اور بلغاریہ کے 4 طیاروں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی پر ہلچل مچ گئی

بم کی اطلاع پر برطانیہ سے روانہ ہونے والی دو پروازوں کو بھی بحفاظت اتارا گیا


ویب ڈیسک November 03, 2026
بم دھمکیوں پر یورپ کے 3 ممالک میں 4 مسافر طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ اور تلاشی کا عمل جاری رہا۔

یورپ کے تین ممالک میں چار مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملنے پر ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی جن میں برطانیہ سے روانہ ہونے والی دو پروازیں بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کی صبح پولینڈ، اسپین اور بلغاریہ کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی رسک کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے وارسا جانے والی پولش ایئرلائنز کی پرواز میں 181 افراد سوار تھے۔ طیارے کو دھماکہ خیز مواد کی اطلاع ملنے پر وارسا موڈلن ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔

اسی طرح مانچسٹر سے اسپین کے شہر مرسیا پہنچنے والی ریان ایئر کی پرواز میں 114 مسافر سوار تھے۔ لینڈنگ کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے طیارے کا معائنہ کیا۔

تیسری پرواز کوپن ہیگن سے پولینڈ آرہی تھیجسے بم کی دھمکی ملنے پر وارسا کے چوپن ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔

علاوہ ازیں بم کی اطلاع پر اسرائیل سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ پہنچنے والے طیارے کی بھی تلاشی لی گئی۔

حکام نے چاروں طیاروں کی جانچ شروع کردی تاہم ابتدائی اطلاعات میں کسی طیارے سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے یا کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل لندن سے صوفیہ جانے والی وز ایئر کی پرواز کو بھی بم کی دھمکی ملنے پر ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں اتارا گیا تھا اور اس طیارے کو ہنگری کے لڑاکا طیارے نے فضائی تحفظ فراہم کیا تھا۔