اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، جس میں پارٹی کو جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کی مہلت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان مقررہ توسیعی مدت، یعنی 15 اکتوبر 2026 تک بھی اپنے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی قانونی شرط پوری نہیں کرسکی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے لیے اپنے عہدیداروں کا باقاعدگی سے انتخاب کرانا قانونی تقاضا ہے، جبکہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات لازمی ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد سات روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ضروری ہے، الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان حاصل کرنے کی اہل نہیں رہے گی، جبکہ آئندہ انتخابات کے لیے اس کا انتخابی نشان روکا بھی جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کو یہ شوکاز نوٹس 26 اکتوبر 2026 کو جاری کیا تھا۔