امریکی انتخابات، ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس کا پلڑا بھاری، اہم نشستیں جیت لیں

ڈیموکریٹک سینیٹر مارک وارنر ریاست ورجینیا سے امریکی سینیٹ کے لیے دوبارہ منتخب ہوگئے


ویب ڈیسک November 04, 2026

امریکا میں انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جبکہ کئی رہنماؤں نے اپنی نشستوں کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک سینیٹر مارک وارنر ریاست ورجینیا سے امریکی سینیٹ کے لیے دوبارہ منتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ریپبلکن امیدوار برٹ میزوساوا کو شکست دے کر ایوانِ بالا میں اپنی چوتھی مدت حاصل کرلی۔

فلوریڈا کے 20ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹک رہنما ڈیبی واسرمین شلٹز نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے اپنے ریپبلکن حریف برینٹ اینڈرسن کو شکست دے کر ایوانِ زیریں میں اپنی نشست برقرار رکھی۔

اسی طرح ریاست کینٹکی کے تیسرے کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹک رہنما مورگن میک گاروی نے بھی امریکی ایوانِ نمائندگان کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرلی۔

ریاست جارجیا کے 13ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹک امیدوار جیسمین کلارک نے کامیابی حاصل کرکے ایوانِ نمائندگان کی نشست اپنے نام کرلی۔

امریکی میڈیا کے مطابق مختلف ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد کانگریس کے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں میں جماعتوں کی پوزیشن مزید واضح ہوگی۔