کراچی:
کراچی میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر گلاس ٹاور کے قریب جامع کلاتھ مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پر چھاپہ مارا گیا۔
کارروائی کے دوران الطاف احمد اور محمد ندیم کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 25 لاکھ روپے نقدی، ڈیجیٹل آلات اور دیگر شواہد برآمد ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تھے جنہوں نے موقع پر پوچھ گچھ کے دوران اس کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 (ترمیم شدہ 2020) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔