چھوٹے بچوں کو میٹھی چیزیں کھلانا عام بات ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کم عمری میں چینی والی غذائیں دینے سے بچوں کی کھانے پینے کی عادات متاثر ہو سکتی ہیں۔
ابتدائی عمر میں بچوں کو زیادہ میٹھی غذائیں دینے سے ان میں میٹھے ذائقے کی عادت پیدا ہو سکتی ہے جس کے باعث وہ بعد میں سبزیوں اور کم میٹھی غذاؤں کو ناپسند کرنے لگتے ہیں۔

میٹھی چیزیں بچوں کی خوراک پر کیسے اثر ڈالتی ہیں؟
شیرخوار بچوں میں ذائقہ محسوس کرنے کی صلاحیت زیادہ حساس ہوتی ہے۔ ایسے میں مسلسل میٹھی غذائیں دینے سے بچے دوسرے ذائقوں کو قبول کرنے میں دشواری محسوس کر سکتے ہیں، جس سے ان کی خوراک میں تنوع کم ہونے اور غذائی کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

بچوں کی غذا میں کن چیزوں سے پرہیز کریں؟
ایک سال سے کم عمر بچوں کی غذاؤں میں اضافی چینی، کارن سیرپ اور دیگر میٹھے اجزا سے پرہیز کرنا چاہیے۔ خصوصاً ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد ہرگز نہیں دینا چاہیے کیونکہ اس سے انفینٹ بوٹولزم کا خطرہ ہوتا ہے۔
ضرورت سے زیادہ پروٹین والی غذائیں بچوں کے گردوں پر اضافی بوجھ ڈال سکتی ہیں اور مستقبل میں موٹاپے کے خطرے سے بھی منسلک ہو سکتی ہیں۔

بچوں کو کون سی غذا دینی چاہیے؟

پہلے 6 ماہ ماں کا دودھ بہترین غذا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر کے مشورے سے مناسب فارمولا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
6 ماہ کی عمر سے بچوں کو ماں کے دودھ یا فارمولا کے ساتھ سادہ، غذائیت سے بھرپور تکمیلی غذائیں متعارف کرانی چاہئیں تاکہ وہ مختلف ذائقوں کے عادی ہو سکیں۔